کسی اپنے کے بیٹے کی پیدائش کے لڈو ملنے پر
اگر آپ نے لڈووں کے ڈبے پر لیبل نہ لگایا ہوتا تب بھی صاف صاف پتا چل جاتا کہ یہ بیٹے کی پیدائش کے لڈو ہیں۔ وہ تو ڈبے میں ہی ایک دوسرے کو چھیڑ رہے تھے کبھی چھُپن چھپائی کھیلتے، کبھی درمیان کی لائن توڑ کر دوسرے سے جا ملتے۔ دوسرے ہی منٹ بھاگ کر واپس اپنی جگہ پر آ جاتے۔ اگررنگ ڈھنگ دیکھیں تو جیسے شہزادے ہوں۔
کہنے کو تو اُن پر بادام لگے ہوئے تھے مگر یوں لگتا تھا جیسے اُن کی آنکھیں ہوں۔ گھما گھما کر جو دیکھ رہے تھے۔ ایک لڈو جس کے ہونٹوں کا بادام ذرا سا ٹیڑھاتھا یوں لگ رہا تھا جیسے شرارت کرنے کے بعد ہنس رہا ہو۔ پاگل کر دیا انہوں نے۔ ایک دفعہ تو ڈبے سے ہی نکل گئے تھے بڑی مشکل سے سنبھالا اِن کو۔
ایک جگہ سے چکھے تو شیریں، دوسری جگہ سے چکھے تو میٹھے، ایسے لڈو بیٹیوں کی پیدائش کے تو ہو ہی نہیں سکتے وہ تو شیریں ہی ہوتے ہیں۔ شیرینی تو ان میں بھی تھی مگر چھپا لیتے تھے۔ جب شیرینی ڈھونڈنے کے لیے چکھے تو اُف، ایک الگ سا ذائقہ بنا کر سامنے والے حصے میں بھر دیا اور بولے بیٹیوں کی شیرینی والے لڈو اُنہی کے گھروں سے کھاؤ، شرارتی تو بہت ہیں۔ مگر پیارے بہت ہیں گول مٹول۔ دل چاہتا ہے کہ دل میں بسا لیں ان کو۔
جب میں نے مبارک باد کہا تو میری طرف کَن اکھیوں سے دیکھتے ہوئے منہ ایک دوسرے کی طرف کر کے ایک دوسرے کو مبارک باد دینے لگے۔ بدمعاش کہیں کے۔ کسی اپنے کا دل چرا لے جائیں تو اُسے پتا بھی نہ چلے۔ نانا نانی اور دادا دادی سے کہنا اب سنبھال کر دکھائیں اپنا دل۔
ان پیارے لڈووں کو دیکھ کر میرے دل میں بہت پیار آیا اور میں نے اِن میں سے ایک لڈو اپنی بیگم کو بھی خاص انداز میں پیش کیا وہ مسکرائیں تو میرے دل میں بھی لڈو پھوٹنے لگے میں سمجھا کہ وہ سمجھ گئیں مگر اگلے ہی لمحے جب وہ سمجھیں تو انہوں نے بُری طرح گھورکر مجھے ہی کچھ سمجھا دیا۔ کوئی پوچھے کہ میں نے بھلا کیا کہہ دیا تھا۔ میں نے تو صرف دل میں ہی سوچا تھا کہ چھوٹے بچے گھر میں ہوں تو رونق آ جاتی ہے۔ کوئی بات نہیں ہم انہی لڈووں سے گزارا کر لیں گے۔
اس فیملی کے لیے میری دعائیں
یا الہی یہ دونوں میاں بیوی بہت پیارے ہیں اور تُو نے انہیں اتنا پیارا بچہ بھی عطا فرمایا ہے۔ یا الہی اِس دنیا میں پیارے لوگوں کی بہت کمی ہے۔ تُویہ سلسلہ جاری رکھنا۔ یا الہی اِن کے ذریعے اس دنیا میں پیارے لوگوں کا بھی اضافہ فرماتے جانا یا الہی تُو اس دنیا کو پیارے لوگوں سے بھر دے اور ہمارے لیے ان کے گھر سے ہر سال لڈووں کا بندوبست فرما یا الہی میرے لڈووں والے رزق کا اضافہ فرما۔ بلکہ میں تو یہ کہوں گا کہ یا الہی تُو اِن کے گھر میں لڈووں کی بارش برسا۔ اور اگر ہم ان کے گھر سے آئے ہوے لڈو تیری راہ میں دیتے جائیں تو اپنی راہ میں دیے گئے ہر لڈو کے بدلے میں دس لڈو ہمیں دینے یا دلانے کا اپنا وعدہ یاد رکھنا۔ ہمیں آخرت والے ستربھی بے شک اِن سے اِدھر ہی دلا دینا ہمیں کوئی اعتراض نہیں
یا الہی بے شک تو اپنے وعدے کا پکا ہے اور مہربان بھی۔
یا اللہ اگر میری کوئی دعا ان میاں بیوی کو اچھی نہ لگے اور میں وہ دعا ان کے سامنے جھوٹ مُوٹ سے واپس لے لوں تو یا الہی تو غصہ نہ کرنا تُو اپنا کرم جاری رکھنا
یا الہی تیرے اس تعاون کا ایڈوانس میں شکریہ